بھٹکل 22 جون (ایس او نیوز) قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے حمایت یافتہ کانگریس اُمیدوار منکال وئیدیا کی اسمبلی انتخابات میں شاندار جیت، پھر اُنہیں ریاستی وزیر سمیت اُترکنڑا کے انچارج وزیر بنائے جانے پر بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی طرف سے ان کے لئے تہنیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ جس میں فیڈریشن کے ماتحت بھٹکل کے تمام اسپورٹس سینٹروں کے ذمہ داران شریک ہوئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر منکال وئیدیا نے اپنی شاندار کامیابی کا سہرامسلمانوں کے متحدہ فیصلہ کے سر باندھا اورفیڈریشن کی بے مثال کوششوں کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کیا ہے معلوم نہیں تھا، لیکن اس بار کے الیکشن میں میری جیت کے لئے فیڈریشن کے تمام اسپورٹس سیینٹروں نے اپنے اپنے علاقہ میں جس طرح کام کیا، اسے دیکھ کرفیڈریشن کی اہمیت کا احساس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے جس طرح متحد ہوکر یکطرفہ ووٹنگ کی، ایسا شانداراتحاد پہلی بار دیکھنے کا موقع ملا۔ اسپورٹس پریمیوں کے لئے گراونڈ منظور کرانے کا وعدہ کرنے کے ساتھ ساتھ منکال وئیدیا نے بھٹکل کے عوام کےلئے 110 کے وی الیکٹری سٹی کی ڈائرکٹ لائن دلانے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال بھٹکل میں کمٹہ سے الیکٹری سٹی سپلائی ہوتی ہے، مگر اب جوگ سے ڈائرکٹ لائن کا کام آگے بڑھایاجائے گا۔
پروگرام کا اغاز فیڈریشن کے خازن مولوی میراں پوتے کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، ماسٹر سید ابراہیم صاحب نے کنڑا میں ترجمہ پیش کیا، مولوی تیمور گوائی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے منکال وئیدیا کا تعارف پیش کیا۔ فیڈریشن کے شعبہ تعلیم کے سکریٹری ایڈوکیٹ عمران لنکا نے فیڈریشن کا تعارف پیش کیا، جس کے بعد صدر، جنرل سکریٹری و دیگر عہدیداران نے منکال وئیدیا کو شال اوڑھاتے ہوئے تہنیت پیش کی۔اس موقع پر مختلف اسپورٹس سینٹروں کے ذمہ داران نے بھی پھول اور مالائیں پیش کرتے ہوئے منکال وئیدیا کو شاندار جیت پر مبارکباد پیش کی۔ منکال وئیدیا کے تاثرات کے بعد بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے صدارتی خطاب کیا۔ فیڈریشن کے ذمہ دار ظہیر شیخ نے کلمہ تشکر پیش کیا۔ نظامت کے فرائض فیڈریشن کے ایک اور ذمہ دار مبشر حُسین ہلارے نے نبھائے۔ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری عُمیر سعید رکن الدین، نائب صدر(اول) ، اسماعیل انجم ندوی، نائب صدر (دوم) ساجد مصباح، سکریٹری مولوی وصی اللہ ڈی ایف ندوی، اسپورٹس سکریٹری طلحہ ترچنا پلّی ، محاسب روشن کنڈن گوڈا و دیگر کافی ذمہ داران موجود تھے۔